کھیل
Time 22 جنوری ، 2023

بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا تقریباً ناممکن ہو چکا، ہمیں بھی سیکھنا چاہیے: رمیز

بھارت کو بھارت مین ہرانا تقریبا ناممکن ہوگیا ہے: رمیز راجا کی اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو/فوٹوفائل
 بھارت کو بھارت مین ہرانا تقریبا ناممکن ہوگیا ہے: رمیز راجا کی اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو/فوٹوفائل

پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز  راجا نے بھارتی ٹیم کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت برصغیر کی تمام ٹیموں کو بھارت سے سیکھنا چاہیے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر رمیز راجا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم کے بولرز کی شاندارکاکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ان ہی کے گیم میں ہرا دیا۔

سابق چیئرمین  پی سی بی نے کہا کہ اچھی ٹیم کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ کنڈیشنز کو بھانپ لیتی ہے اور بھارت کے فاسٹ بولرز میں اگرچہ پیس نہ ہو لیکن انھوں نے  نیوزی لینڈ کے خلاف ایک مکمل  پرفرفارمنس دی، نیوزی لینڈ اپنی ہی گیم میں ہار گئی کیوں کہ بھارت کے خلاف  نیوزی لینڈ کی  بیٹنگ میں اعتماد نظر نہیں آیا، نہ ہی ان میں ردھم تھا۔

رمیز  راجا کا مزید  کہنا تھا کہ  بھارت کو بھارت میں ہرانا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے جو کہ براعظم کی تمام ٹیمز حتیٰ کہ پاکستان کے لیے بھی سیکھنے والی بات ہے کیوں کہ پاکستان  ٹیم کے پاس بے انتہا پوٹینشل ہے لیکن جو پرفارمنس گھر (ہوم گراؤنڈ)  میں دکھنی چاہیے وہ باقاعدگی سے ایسے نظر نہیں آتی جیسے بھارت میں نظر آتی ہے، بھارت کے لیے یہ پرفارمنس  ورلڈکپ کے سال میں یہ ایک سنگ میل ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو 108 رنز پر ہی آؤٹ کردیا تھا  جس کے بعد بھارتی ٹیم نے 8 وکٹوں سے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ون ڈے بھی اپنے نام کرلیا۔

 بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز آخری میچ سے قبل 0-2 سے  اپنے نام کرلی ہے۔

مزید خبریں :