کھیل
Time 23 جنوری ، 2023

قومی آل راؤنڈر شاداب خان کا ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح ہوگیا

قومی آل راؤنڈر شاداب خان نے نکاح کرلیا جس کی اطلاع انہوں نے اپنے مداحوں کو ٹوئٹر پر دی— فوٹو: فائل
قومی آل راؤنڈر شاداب خان نے نکاح کرلیا جس کی اطلاع انہوں نے اپنے مداحوں کو ٹوئٹر پر دی— فوٹو: فائل

قومی آل راؤنڈر شاداب خان نے نکاح کرلیا جس کی اطلاع انہوں نے اپنے مداحوں کو ٹوئٹر پر دی۔

اپنی ٹوئٹ میں شاداب نے لکھا کہ ’الحمد اللہ آج میرا نکاح تھا، یہ میری زندگی کا بہت بڑا دن تھا اور آج ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے، برائے مہربانی میرے انتخاب اور میری اہلیہ و ہمارے خاندان کا احترام کریں۔ آپ سب کیلئے دعائیں اور ڈھیر سارا پیار۔‘

اپنی ٹوئٹ میں شاداب خان نے بتایا کہ ’میں اپنے مینٹور ثقی بھائی کے خاندان کا حصہ بن رہا ہوں، جب میں نے کرکٹ کھیلنی شروع کی تب سے میں اپنی نجی زندگی کو علیحدہ رکھنا چاہتا تھا، میری فیملی نے بھی اسی عمل کو ترجیح دی ہے، میری اہلیہ کی بھی یہی خواہش ہے، وہ چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی نجی ہی رہے۔ میں آپ سب سے مؤدبانہ گزارش کرتا ہوں کہ میری اہلیہ اور ہمارے خاندان کی چوائس کا احترام کریں ۔۔پھر بھی اگر آپ سلامی بھیجنا چاہتے ہیں تو میں اکاؤنٹ نمبر بھیج دوں گا۔‘

خیال رہے کہ شاداب خان کا نکاح پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے ہوئی ہے۔

شاداب کے نکاح کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی ٹوئٹر پر وائرل ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

اس سے قبل پاکستانی کرکٹرز  شان مسعود اور حارث رؤف بھی حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھے ہیں جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی شادی بھی اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کی بیٹی کے ساتھ رواں برس فروری میں طے ہے۔ 

حارث رؤف کے نکاح پر شاداب نے اشارہ دیا تھا کہ ان کا وقت بھی اب آنے والا ہے۔


مزید خبریں :