دنیا
Time 24 جنوری ، 2023

یونیسکو نے تعلیم کے بین الاقوامی دن کو افغان لڑکیوں اور خواتین کے نام کر دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت یونیسکو نے آج 24 جنوری کو منائے جانے والے تعلیم کے بین الاقوامی دن کو افغان لڑکیوں اور خواتین کے نام کردیا۔

اقوام متحدہ کے تحت آج تعلیم کا بین الاقوامی دن منایا گیا، اس موقع پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد تقریب میں افغان خواتین کے بنیادی حق تعلیم کو فوری طور پر بحال کرنے کے مطالبے کی تجدید کی گئی۔

یونیسکو ڈائریکٹر جنرل آندرے ازولے کا کہنا ہے کہ اس وقت اسکول جانے کی عمر کی 80 فیصد افغان لڑکیاں تعلیم سے محروم ہیں۔

یونیسکو کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے سے روک نہیں سکتا،تعلیم عالمی انسانی حق ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔

یونیسکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغان لڑکیوں اور خواتین کے حقوق کی بحالی یقینی بنائے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جاری بیان میں طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لڑکیوں،خواتین کیلئے ثانوی،اعلیٰ تعلیم پر عائد اشتعال انگیز پابندیاں واپس لیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کی اعلیٰ تعلیم پر اورخواتین کے فلاحی تنظیموں میں کام کرنے پر پابندی لگائی تھی۔