نیشنل چیلنج کپ فٹبال: افتتاحی میچ میں نیوی نے پولیس کو شکست دیدی

فوٹو: پاکستان فٹبال فیڈریشن
فوٹو: پاکستان فٹبال فیڈریشن

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے نیشنل چیلنج کپ 2023 کا آغاز  ہوگیا، افتتاحی میچ میں نیوی نے پولیس کو شکست دے دی۔

نیشنل چیلنج کپ کا منگل 24 جنوری سے کے پی ٹی اسٹیڈیم میں رنگا رنگ آغاز ہوا، پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تحت پریمیئر مقابلوں میں ملک بھر کی سب سے زیادہ 27 ڈپارٹمنٹل ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔

افتتاحی میچ میں نیوی نے پولیس کو ایک صفر سے ہرادیا،  فیصلہ کن گول نعمان نے اسکور کیا۔

دوسری جانب  لاہور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور واپڈا کا میچ دو، دو گول سے برابر ہوگیا، پشاور میں ایئر فورس اور ڈبلیو ایس ٹی سی کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بھی دو، دو گول سے برابری پر ختم ہوا۔

اس کے علاوہ چمن میں افغان کلب نے نمسو کلب ہزارہ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی، اشرف نے ہیٹ ٹرک اسکور کی ، کے آر ایل نے پی او ایف کو سات صفر سے شکست دی، فاتح ٹیم کے معین نے ہیٹ ٹرک بنائی، وحید نے دو گول کیے ۔

 بہاولپور میں ریلویز اور اشرف شوگر ملز کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

واضح رہے کہ واپڈا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرر رہی ہے، کراچی پورٹ ٹرسٹ اسٹیڈیم میں سہ پہر 3 بجے ہونے والی افتتاحی تقریب میں پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک ارکان محمد شاہد نیاز کھوکھر، سعود ہاشمی اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

ایونٹ میں 6 گروپس میں 4،4 گروپ اے میں03 ٹیمیں شامل ہیں، پہلا مرحلہ 24 جنوری سے 12 فروری تک کراچی، کوئٹہ، بہاولپور، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں جاری رہے گا۔

آخری مرحلے کے وینیوز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ہر گروپ میں شامل ٹیمیں 3ہوم اور 3 اوے میچز کھیلیں گی، ٹاپ 2 ٹیمیں راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائیں گی جس کے بعد کوارٹر فائنل، سیمی فائنلز اور فائنل ہوگا۔

مزید خبریں :