ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار بہترین پھل

ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بہت آسان ہوتا ہے / فائل فوٹو
 ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بہت آسان ہوتا ہے / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط رکھنا بہت اہم ہوتا ہے۔

جب ہماری عمر 30 سال ہوتی ہے تو ہڈیوں کا حجم عروج تک پہنچ جاتا ہے۔

اس کے بعد اگر ہڈیوں کی صحت کا خیال نہ رکھا جائے تو عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے، جس سے  ہڈیوں کی کمزوری یا دیگر مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔

لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بہت آسان ہوتا ہے۔

درحقیقت روزمرہ کی غذا میں چند پھلوں کو شامل کرکے ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔

خشک آلو بخارے

ایسا مانا جاتا ہے کہ یہ پھل ہاضمے کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے مگر یہ ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔

2022 کی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔

درمیانی عمر کی 235 خواتین کو ان تحقیقی رپورٹس کا حصہ بنایا گیا تھا کیونکہ خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلوبخارے ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

خشک آلوبخاروں میں متعدد وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کے لیے اہم ہوتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل ورم کا مقابلہ بھی کرتا ہے جس سے بھی ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

پپیتا

جسم میں وٹامن K کی کمی سے ہڈیوں کی کمزوری اور فریکچر کا خطرہ بڑھتا ہے مگر یہ پھل اس وٹامن کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے۔

اس وٹامن کی مناسب مقدار کا استعمال اچھی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ اس سے جسم میں کیلشیئم کے جذب ہونے کی سطح بہتر ہوتی ہے۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ کیلشیئم سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔

گریپ فروٹ

گریپ فروٹ جیسے کھٹے پھلوں میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

وٹامن سی عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کے حجم میں آنے والی کمی کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایک گریپ فروٹ میں 88 ملی گرام تک وٹامن سی ہوسکتا ہے جو دن بھر کی ضروریات کے لیے کافی ہوتا ہے۔

انجیر

انجیر بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے والا پھل ہے، تازہ انجیروں میں کیلشیئم اور دیگر اہم غذائی اجزا جیسے پوٹاشیم اور میگنیشم موجود ہوتے ہیں۔

اگر جسم میں میگنیشم کی کمی ہو تو وٹامن ڈی کے توازن کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، جس سے ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

اسی طرح پوٹاشیم وہ جز ہے جو تیزابیت کو کنٹرول کرتا ہے جس سے ہڈیوں میں کیلشیئم میں کمی نہیں آتی۔

کیلے

کیلے بھی پوٹاشیم اور میگنیشم کے حصول کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔

ان دونوں کے فوائد کا ذکر اوپر ہوچکا ہے، یہی وجہ ہے کہ روزانہ ایک کیلے کو کھانے سے ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں :