کشمیر میں 32 سال بعد سنیما ہاؤس فل، لوگ کونسی فلم دیکھنے امڈ آئے؟

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

کشمیر میں ایک بالی وڈ فلم نے دھوم مچاتے ہوئے  32 سال بعد سنیما ہاؤس فل کر دیے۔

جس فلم کی بات ہورہی ہے وہ اور کوئی نہیں بلکہ شاہ رخ اور دپیکا پڈوکون کی 25 جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان 'ہے جو باکس آفس پر کھڑکی توڑ بزنس کر رہی ہے۔

ریلیز کے ساتھ ہی فلم ’پٹھان‘ نے بھارتی سنیما کے کئی  بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلیے ،ریلیز کے پہلے ہی روز فلم نے دنیا بھر سے 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا تھا۔

شاہ رخ کی یہ فلم ریلیز کے پہلے ہی روز 100 کروڑ کمانے والے بھارتی سنیما کی تاریخ کی پہلی فلم ہے۔

صرف بھارت میں ہونے والی کمائی کی بات کی جائے تو فلم نے ریلیز والے دن تقریباً 57 کروڑ روپے کمائے اور یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ پٹھان نے چھٹی والے دن ریلیز نہ ہونے والی فلموں میں بھی کمائی کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

دنیا بھر میں یش راج فلمز کی اس پروڈکشن کو 8 ہزار سے زائد اسکرینز پر لگایا گیا ہے جن میں ساڑھے پانچ ہزار بھارت میں جبکہ ڈھائی ہزار بیرون ملک ہیں۔ پٹھان حالیہ دور کی وسیع پیمانے پر ریلیز ہونے والی فلم بھی بن گئی ہے۔

پٹھان نے جہاں بھارت میں مداحوں کے دل جیتے وہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی فلم نے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فلم پٹھان کی وجہ سے کشمیر میں  32 سال بعد سنیما ہاؤس فل ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 26 جنوری کو کشمیر کی ایک مشہور سنیما چین کی جانب سے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا گیا کہ وادی کشمیر میں 32 سال بعد سنیما ہاؤس فل ہوگئے ہیں اور سب  فلم پٹھان کی وجہ سے ہے۔

بیان کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر میں آرگنائزر زسنیما کے باہر ہاؤس فل کے بورڈ کے ساتھ کھڑے ہوئے دیکھے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹھان نے ہالی وڈ فلم اواتار 2 کی پہلے دن کی کمائی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ جیمز کیمرون کی فلم اواتار 2 نے ریلیز والے دن 10 ملین ڈالرز کمائے تھے جبکہ پٹھان نے پہلے دن 13 ملین ڈالرز کما کر یہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ اطلاعات کے مطابق بزنس کے اعتبار سے پٹھان اس وقت دنیا کی نمبر ون فلم ہے۔

  ویک اینڈ  کی وجہ سے فلم کے بزنس میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :