کھیل
Time 29 جنوری ، 2023

آسٹریلوی شہری نے دنیا کے طویل العمر فٹبال کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

کہتے ہیں کہ شوق کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی اور اسے ایک آسٹریلوی شہری نے سچ ثابت کر دکھایا ہے جنہوں نےعمر بڑھنے کے باوجود  اپنے پسندیدہ کھیل کو نہیں چھوڑا اور دنیا کے طویل العمر فٹبال کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 79 سالہ ڈیوڈ موگے نے دنیا کے عمر دراز فٹبال کھلاڑی کا ریکارڈ بنالیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ڈیوڈ نے 79 سال 89 دن کی عمر میں ایک مقامی فٹبال کلب ’کسِنگ فٹبال کلب‘ کی جانب سے نارتھ ٹورامورا کے خلاف میچ کھیلا جس کے بعد وہ فٹبال میچ کھیلنے والے دنیا کے طویل العمر کھلاڑی بن گئے۔

ڈیوڈ کو ریکارڈ بنانے کے لیے 90 منٹ تک میدان میں فٹبال کھیلنا تھی، اپنی شاندار فٹنس کی وجہ سے وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے میں کامیاب ہوئے، جس پر ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں سراہا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے بعد ڈیوڈ نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ 

رپورٹس کے مطابق 14 سال کی عمر سے آسٹریلوی فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ منسلک ہیں،انہوں نے 1974 میں کسِنگ فٹبال کلب کو جوائن کیا تھا اور اب وہ 45 سال سے بڑی عمر کی کیٹیگری والی ٹیم میں کھیلتے ہیں۔

مزید خبریں :