مارک زکربرگ کا میٹا کے مزید ملازمین کو نکالنے کا عندیہ

مارک زکربرگ / اے ایف پی فوٹو
مارک زکربرگ / اے ایف پی فوٹو

حالیہ مہینوں میں متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے معاشی حالات کو جواز بناتے ہوئے ہزاروں افراد کو ملازمتوں سے فارغ کیا ہے۔

ان میں سے ایک کمپنی  میٹا بھی ہے جس کی جانب سے نومبر 2022 میں 11 ہزار ملازمین کو نکالا گیا تھا۔

اب میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کی جانب سے مزید افراد کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق مارک زکربرگ نے ایک حالیہ میٹنگ کے دوران مڈل منیجرز کو نکالنے کا انتباہ کیا۔

میٹا کے سی ای او نے کہا کہ 'مجھے نہیں لگتا کہ آپ ایسا منیجمنٹ اسٹرکچر چاہتے ہیں جس میں منیجرز بس منیجرز کو سنبھالیں'۔

اس بات سے اشارہ ملتا ہے کہ کمپنی کی جانب سے مزید افراد کو ملازتوں سے نکالنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

میٹا نے نومبر 2022 میں کمپنی کے 13 فیصد عملے کو فارغ کردیا تھا جبکہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے لیے نئی بھرتیوں کو بھی روک دیا گیا تھا۔

اس موقع پر مارک زکربرگ نے ملازمین کے نام ایک میمو میں کہا تھا کہ 'آج میں میٹا کی تاریخ میں کی جانے والی سب سے مشکل تبدیلی کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں، میں نے اپنی ٹیم کا حجم 13 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ ہم کمپنی کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں میٹا کے ملازمین کی تعداد 87 ہزار سے زیادہ ہے۔

مزید خبریں :