پاکستان
Time 31 جنوری ، 2023

غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں: آرمی چیف

فوٹو: آئی ایس پی آر
فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا کہنا ہےکہ غیر اخلاقی اور  بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکاء کو موجودہ اور  ابھرتے خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز نے پشاور پولیس لائنز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائےگا۔

کورکمانڈر سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ غیراخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں،  بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں،  بزدلانہ کارروائیاں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کے لیے زیرو ٹالرنس کے ساتھ عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز  پر فوکس جاری رکھنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز  پائیدار امن کے حصول تک جاری  رکھے جائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں دہشت گردوں اور ان کے حامی میکنزم کا گٹھ جوڑ توڑنے کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی، کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فورم نے مقبوضہ کشمیرکی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی عزائم کا نوٹس لیا،  فورم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لیا اورکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں :