کھیل
Time 01 فروری ، 2023

پی ایس ایل کے نمائشی میچ کیلئے اسکواڈز کو حتمی شکل دیدی گئی

نمائشی میچ کیلئے بابراعظم پشاور زلمی کی جبکہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے: ذرائع/فوٹوفائل
 نمائشی میچ کیلئے بابراعظم پشاور زلمی کی جبکہ سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے: ذرائع/فوٹوفائل 

اسلام آباد :  پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان  5 فرری  کو  ہونے والے نمائشی میچ کے حوالے سے اسکواڈز کو حتمی شکل دےدی گئی۔

ذرائع کے مطابق  نمائشی میچ کیلئے بابراعظم پشاور زلمی کی اور سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں دیگر فرنچائزز کے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

 پشاور زلمی کا اسکواڈ

پشاور زلمی کے اسکواڈ میں وہاب ریاض، شاہد آفریدی، حسیب اللہ، دانش عزیز ، محمد حارث، اعظم خان، حیدرعلی، عامر ممال اور اسامہ میر  شامل ہیں  جب کہ صفیان مقیم، سلمان ارشاد، صائم ایوب اور عثمان قادر بھی نمائشی میچ میں پشاورزلمی کی نمائندگی کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں  عمراکمل، بسم اللّٰہ خان، سعودشکیل،   احسن علی،  نسیم شاہ،  افتخار احمد،  محمد نواز،  محمد حسنین،  خوشدل شاہ،  عبدالواحد بنگلزائی، عمیدآصف، عمیربن یوسف اور اعمل خان  شامل ہیں۔

نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے معین خان اور پشاورزلمی کے لیے کامران اکمل ہیڈکوچ ہوں گے، انضمام الحق پشاورزلمی کے ڈگ آؤٹ میں بطور مینٹور دکھائی دیں گے۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں چند کھلاڑیوں کی شمولیت کے باعث دونوں فرنچائز کے اسکواڈز 14 ، 14  ممبران پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈ ی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ 5 فروری کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا جائےگا۔

مزید خبریں :