شہروں میں زیادہ گرمی سے ہونے والی اموات کو روکنے کا آسان ترین طریقہ

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

حالیہ برسوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث موسم گرما کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ہر سال متعدد اموات ہوتی ہیں۔

مگر ان اموات کی روک تھام کا آسان ترین طریقہ سائنسدانوں نے بتادیا ہے۔

شہروں میں زیادہ درختوں کو لگانے سے زیادہ گرم موسم کے باعث ہونے والی اموات کو کم کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

بارسلونا انسٹیٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ شہروں میں درختوں کی تعداد کو  30 فیصد تک بڑھانے سے اوسط درجہ حرارت میں 0.4 سینٹی گریڈ تک کمی لائی جاسکتی ہے جس سے ہیٹ اسٹروک یا دیگر وجوہات کے باعث ہونے والی اموات کی شرح لگ بھگ 40 فیصد تک گھٹ سکتی ہے۔

اس تحقیق میں یورپ کے 93 شہروں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

محققین نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں عالمی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور شہری ماحول میں زیادہ درجہ حرارت سے اموات سمیت متعدد طبی مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سر سبز شہر صحت کے لیے زیادہ بہتر ہوسکتے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق 2015 میں یورپی شہروں میں زیادہ درجہ حرارت کے باعث 6700 اموات قبل از وقت ہوئی تھیں جن میں سے 2644 اموات کی روک تھام درختوں کی تعداد بڑھانے سے ممکن ہوسکتی تھی۔

محققین کے مطابق شجر کاری کے لیے عمارات کو گرانے کی بھی ضرورت نہیں کیونکہ شہروں میں اتنی جگہ موجود ہوتی ہے جہاں درختوں کو لگایا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :