کھیل
Time 01 فروری ، 2023

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقی کپتان ٹیم میں جگہ نہ بنا سکیں

ڈین وین نیکرک جنوبی افریقی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں جگہ نہ بنا سکیں۔ فوٹو فائل
ڈین وین نیکرک جنوبی افریقی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں جگہ نہ بنا سکیں۔ فوٹو فائل

طویل عرصے سے جنوبی افریقا کی ویمن ٹیم کی کپتان رہنے والی ڈین وین نیکرک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پروٹیز ٹیم میں جگہ نہ بنا سکیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈین وین نیکرک نے ستمبر 2021 سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی اور وہ جنوبی افریقی ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں جگہ نہ بنا سکیں۔

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ڈین وین نیکرک کی جگہ سونے لس پروٹیز ٹیم کی قیادت کریں گی۔

ڈین وین نیکرک طویل عرصے سے ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں اور وہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف ہونے والی حالیہ سہ ملکی سیریز میں بھی فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی وجہ سے منتخب نہ ہو سکی تھیں۔

ڈین وین نیکرک کی غیر موجودگی میں سونے لس ہی جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں اور ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف حالیہ سہ فریقی ٹورنامنٹ میں بھی سونے لس ہی پروٹیز ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں اور ٹورنامنٹ کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ سلیکشن کنوینر کلنٹن ڈو پریز کا کہنا ہے کہ ڈین وین نیکرک کو ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے پورا موقع دیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ فٹنس کے معیار پر پورا نہیں اتر سکیں، ان کی ٹیم میں سلیکشن کا فیصلہ مکمل طور پر فٹنس سے جڑا ہے۔

کرک ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹر کے لیے فٹنس کا معیار ساڑھے 9 منٹ میں 2 کلو میٹر دوڑنا ہے اور ڈین وین نیکرک نے مطلوبہ ہدف صرف 18 سیکنڈ کے فرق سے حاصل کیا۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے گزشتہ دو برس سے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس کا معیار انتہائی سخت کر رکھا ہے اور باوجود اس کے کہ آپ کتنے ہی اچھے کھلاڑی کیوں نہ ہوں، اگر آپ فٹنس کے معیار پر پورا نہیں اترتے تو آپ کی ٹیم میں سلیکشن نہیں ہو سکتی۔

مزید خبریں :