پاکستان
Time 01 فروری ، 2023

توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر پی ٹی اےکا وکی پیڈیا کو بلاک کرنےکا انتباہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے توہین آمیز اور غیرقانونی مواد بلاک نہ کرنے پر ملک میں وکی پیڈیا سروسز ڈی گریڈ کرتے ہوئے ویب سائٹ کو بلاک کرنے کا انتباہ جاری کردیا۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قابل اطلاق قانون اور عدالتی احکامات کے تحت نوٹس جاری کرکے مذکورہ مواد کو بلاک کرنے یا ہٹانےکے لیے وکی پیڈیا سے رابطہ کیا گیا تھا۔ 

پی ٹی اے کے مطابق سماعت کا موقع بھی فراہم کیا گیا تھا تاہم وکی پیڈیا نے نہ تو توہین آمیز مواد ہٹانےکے حکم کی تعمیل کی اور نہ ہی اتھارٹی کے سامنے پیش ہوا، پی ٹی اے کی ہدایات پر جان بوجھ کر عدم تعمیل کے پیش نظر وکی پیڈیا کی سروسز کو 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کر دیا گیا ہے اور ر پورٹ کردہ مواد کو بلاک کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ  وکی پیڈیا کی جانب سے تعمیل نہ کرنے کی صورت میں ویب سائٹ کو پاکستان کے اندر بلاک کر دیا جائےگا، رپورٹ کردہ غیر قانونی موادکو  بلاک کرنے یا ہٹانےکے بعد ویب سائٹ پر سے پابندیاں اٹھائے جانے پر دوبارہ غورکیا جائےگا، پی ٹی اے ملک کے مقامی قانون اور ضوابط کے مطابق تمام پاکستانی شہریوں کے لیے محفوظ آن لائن تجربے کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

مزید خبریں :