Time 23 فروری ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن کو خط، وزیراعظم کا صدر کو غیر آئینی کاموں سے باز رہنے کا مشورہ

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر غیر آئینی کاموں سے باز  رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

وزیراعظم نے سیاسی صورتحال پر اجلاس میں رہنماؤں کو صدر کو خط لکھنے پر اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا صدر کا الیکشن کمیشن کو خط غیر آئینی ہے، صدر غیر آئینی کام کرنے سے باز  رہیں، الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہو گا حکومت عمل کرے گی۔

ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کی برائے نام جیل بھرو تحریک ناکام ہو چکی ہے، عوام تحریک انصاف کے یوٹرنز کو جان چکے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے صدر کی مشاورت کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا جس کے بعد صدر عارف علوی نے خود ہی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ دے دی تھی۔

وفاقی وزراء کی جانب سے صدر عارف علوی کے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صدر عارف علوی کے حکم کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ 

مزید خبریں :