کھیل
Time 22 مارچ ، 2023

شاہد آفریدی نے نریندر مودی سے کیا درخواست کی؟

میری ہمیشہ سے خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہو،: سابق کپتان کی گفتگو/ فائل فوٹو
میری ہمیشہ سے خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہو،: سابق کپتان کی گفتگو/ فائل فوٹو

سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ  دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کو چلنے دیں۔

شاہد آفریدی لیجنڈز لیگ کرکٹ میں ایشیا لائنز کی قیادت کرنے کے لیے قطر گئے جہاں بھارت کی ٹیم انڈیا مہاراجاز کے علاوہ ورلڈ جائنٹز کی ٹیم بھی موجود تھی۔

اس دوران بھارتی صحافی کی جانب سے ایک بار پھر شاہد آفریدی سے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے متعلق سوال پوچھا گیا۔

اس پر  شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نریندر مودی سے درخواست کروں گا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو بڑھنے دیں، کرکٹ کو چلنے دیں  تاکہ ہم انجوائے کرسکیں، میری ہمیشہ سے خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہو،  پاکستان اور بھارت ہمسایہ ملک ہیں لہٰذا دونوں کے درمیان رابطے اور تعلقات ہونے چاہیے۔

شاہد آفریدی  نے پی سی بی کے مؤقف کو سراہتے ہوئے  کہا کہ ہمیشہ پی سی بی آگے کی طرف دیکھتا ہے  اور پی سی بی کی خواہش ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آئے یا پاکستانی ٹیم کو بھارت بلایا جائے، میں نے پی سی بی کا کبھی کوئی ایسا بیان نہیں دیکھا جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف کوئی بات کی گئی ہو لیکن بھارتی بورڈ فیصلے لینے سے پہلے کم ازکم پاکستان بورڈ سے تو بات کر ے، جب ان معاملات میں سیاست کو بیچ میں لایا جائے تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :