دنیا کے خوش ترین ملک کی سیر آپ کیسے مفت کر سکتے ہیں؟

فن لینڈ کے ایک مقام کا منظر / فوٹو بشکریہ وزٹ فن لینڈ
فن لینڈ کے ایک مقام کا منظر / فوٹو بشکریہ وزٹ فن لینڈ

فن لینڈ کو مسلسل 6 سال سے دنیا کا خوش ترین ملک قرار دیا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کے زیرتحت جاری ہونے والی 2023 کی رپورٹ میں آمدنی، ذہنی اور جسمانی صحت سمیت دیگر شعبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شمالی یورپ کے اس ملک کو دنیا کا خوش ترین ملک قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فن لینڈ نے مسلسل چھٹے سال نمبرون پوزیشن کو برقرار رکھا ہے اور اس کا اسکور دیگر تمام ممالک سے کافی زیادہ ہے۔

فن لینڈ کے حکام کے مطابق یہاں کی خوشی کے پیچھے کوئی قومی راز نہیں بلکہ یہ ایک ایسی صلاحیت ہے جو کوئی بھی سیکھ سکتا ہے۔

اس بات کو ثابت کرنے کے لیے یہ ملک دنیا بھر کے افراد کو فن لینڈ کے 4 روزہ مفت دورے کی پیشکش کر رہا ہے۔

اس پروگرام کو ماسٹر کلاس آف Happiness کا نام دیا گیا ہے جس کا انعقاد 12 سے 15 جون تک ہوگا۔

اس دورے کے دوران لوگوں کو جنوبی فن لینڈ کے Kuru ریزورٹ میں رہنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

وزٹ فن لینڈ نامی حکومتی ادارے کے ماہرین نے بتایا کہ اس دورے کے 4 دنوں کے دوران لوگوں کو صحت، طرز زندگی، فطرت اور دیگر متعدد پہلوؤں سے آگاہ کیا جائے گا۔

مگر پروگرام میں شرکت کیسے ممکن ہوگی؟

اس پروگرام میں صرف 10 افراد کو شامل کیا جائے گا اور ان کے دورے کے تمام اخراجات فن لینڈ کی حکومت ادا کرے گی۔

اس مقصد کے لیے لوگوں کو ایک ویب سائٹ پر جاکر سائن اپ کرنا ہوگا جبکہ انہیں ایک سوشل میڈیا چیلنج بھی پورا کرنا ہوگا۔

اس چیلنج میں انہیں سوشل میڈیا ویڈیوز کے بتانا ہوگا کہ کیوں وہ 'اندر سے فن لینڈ کے ایک شہری ہیں'۔

جن افراد کو منتخب نہیں کیا جائے گا، انہیں بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس پروگرام کا انعقاد کچھ ماہ بعد دوبارہ ہوگا۔