عمران خان سمیت پی ٹی آئی قائدین کے خلاف کیسز کی فہرست عدالت میں جمع

وفاقی حکومت کے وکیل نے 43 اور پنجاب حکومت کے وکیل نے 84 کیسز کی فہرست فراہم کی/ فائل فوٹو
وفاقی حکومت کے وکیل نے 43 اور پنجاب حکومت کے وکیل نے 84 کیسز کی فہرست فراہم کی/ فائل فوٹو

پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر قائدین اور کارکنوں کے خلاف 127 کیسز کی فہرست لاہور  ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی جس دوران پنجاب حکومت نے حلف نامے کے ساتھ کیسز کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں۔

فواد چوہدری نے سرکاری وکیل سے حلف نامے کا پوچھا تو فاضل جج نے ٹوک دیا اورکہا کہ یہ سوال پوچھنا عدالت کا حق ہے، آپ کا نہیں۔

دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے 43 اور پنجاب حکومت کے وکیل نے 84 کیسز کی فہرست فراہم کی، ان میں سےعمران خان کے خلاف پنجاب میں 6 جب کہ اسلام آباد میں 28 کیسزدرج ہیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف ایک کیس ایف آئی اے کے پاس بھی ہے جس پر  فواد چوہدری نے کہا وہ سمجھ رہے تھے کہ 100کیسز ہیں مگریہ تو سنچری پارہوگئی ہے۔

دوران سماعت نیب کے وکیل نے تفصیلات کیلئے مہلت مانگی تو عدالت نے اینٹی کرپشن اور نیب کو جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے قرار دیا چونکہ پولیس کا ریکارڈ آ گیا ہے، اس لیے ان مقدمات کی حد تک تادیبی کارروائی سے روکنے کا حکم ختم کر رہے ہیں تاہم اینٹی کرپشن اور نیب، تفصیلات فراہم کرنے تک تادیبی کارروائی نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :