دنیا
Time 29 مارچ ، 2023

ممتا بینرجی کا انوکھا احتجاج، دھرنے میں ’بی جے پی واشنگ مشین‘ لے آئیں

بی جے پی اب واشنگ مشین بن چکی ہے، کوئی بھی کرپٹ آدمی لے آؤ اور اسے بے جے پی میں شامل کروا دو، اس کی ساری کرپشن دھل جائے گی: ممتا بینرجی — فوٹو: اسکرین گریب
بی جے پی اب واشنگ مشین بن چکی ہے، کوئی بھی کرپٹ آدمی لے آؤ اور اسے بے جے پی میں شامل کروا دو، اس کی ساری کرپشن دھل جائے گی: ممتا بینرجی — فوٹو: اسکرین گریب

بھارتی ریاست مشرقی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کا احتجاج کا انوکھا انداز، دھرنے میں ’بی جے پی واشنگ مشین‘ لاکر ’لانڈری ڈے‘ منا لیا۔

کلکتہ میں ترینامول کانگریس کی سربراہ وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی حکومت  کے خلاف  دو روزہ دھرنے کیلئے بنائے گئے اسٹیج پر ایک بڑی واشنگ مشین لا کر  رکھ دی گئی جس پر بڑے حروف میں ’بے جے پی واشنگ مشین‘ لکھا گیا تھا۔

ممتا بینرجی نے واشنگ مشین میں ایک کالے رنگ کا کپڑا ڈالا بعد میں مشین سے علامتی طور پر سفید رنگ کا کپڑا نکالتےہوئے کہا کہ بے جے پی اب واشنگ مشین بن چکی ہے، کوئی بھی کرپٹ آدمی لے آؤ اور اسے بے جے پی میں شامل کروا دو، اس کی ساری کرپشن دھل جائے گی اور وہ تمام کرپشن اور جرائم سے صاف شفاف ہو کر نکلے گا۔

مرکزی حکومت کے خلاف مغربی بنگال کو فنڈز جاری نہ کرنےپر  دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے چوروں اور ڈاکوؤں کی فہرست بنا کر دو تو میں دکھاؤں گی کہ سارے بے جے پی میں بیٹھے ہوئے ہیں، اب یہ لوگ ہمیں آئین اور قانون پر بھاشن دیں گے؟

 ممتا بینرجی نے مزید کہا کہ مودی حکومت میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے  جبکہ بے جے پی میں موجود کرمنلز  کو کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنا دینا ہمارا جمہوری حق ہے اور ضرورت پڑی تو ہم دہلی میں وزیر اعظم ہاؤس کے باہر جاکر بھی دھرنا دے سکتے ہیں۔

مزید خبریں :