پاکستان
Time 10 اپریل ، 2023

عدالتی اصلاحات بل اور پنجاب الیکشن فنڈز: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

اجلاس میں صدر کی طرف سے واپس بھیجےگئے عدالتی اصلاحات بل کی منظوری متوقع، پنجاب میں الیکشن فنڈز سے متعلق معاملہ بھی پارلیمنٹ میں لیجانے پر اتفاق کیا گیا ہے/ فائل فوٹو
اجلاس میں صدر کی طرف سے واپس بھیجےگئے عدالتی اصلاحات بل کی منظوری متوقع، پنجاب میں الیکشن فنڈز سے متعلق معاملہ بھی پارلیمنٹ میں لیجانے پر اتفاق کیا گیا ہے/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 4 بجے ہوگا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کی طرف سے واپس بھیجےگئے عدالتی اصلاحات بل کی منظوری متوقع ہے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر مشاورت ہوگی۔

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کے لیے رقم دینے سے متعلق وفاقی کابینہ کا ایک اور اجلاس آج ہوگا۔

گزشتہ روز حکومت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی پنجاب میں الیکشن کے لیے 21 ارب روپے دینے یا نہ دینے کا فیصلہ نہیں کرسکی اور اس حوالے سے وزارتِ خزانہ کووزارتِ قانون سے مشاورت کاحکم دیا گیا ہے جب کہ معاملے پر وفاقی کابینہ کا ایک اور اجلاس آج صبح ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ پارلیمنٹ میں لیجانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو حکم دیا تھا کہ وفاق 10 اپریل تک 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دے ، الیکشن کمیشن 21 اپریل کو رقم سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل عدالتی اصلاحات کا بل منظور کر کے توثیق کے لیے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کے لیے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں یہ بل پارلیمنٹ کے اختیار سے باہر ہے، بل قانونی طور پر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، میرے خیال میں اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے اور دوبارہ غور کرنے کے لیے واپس کرنا مناسب ہے۔

مزید خبریں :