بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں کس واحد بالی وڈ اداکارہ کو مدعو کیا گیا؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

برطانوی شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی بروز ہفتے کے روز ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔

شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے شاہی خاندان کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان اور مشہور شخصیات کو دعوت دی گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاج پوشی کی تقریب میں 2 ہزارسے زائد افراد کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔

 بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں واحد بالی وڈ اداکارہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

سونم شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں نہ صرف مہمان بنیں گی بلکہ شاہی تقریب میں ان کی ایک پرفارمنس بھی ہے—فوٹو: فائل
سونم شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں نہ صرف مہمان بنیں گی بلکہ شاہی تقریب میں ان کی ایک پرفارمنس بھی ہے—فوٹو: فائل

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار انیل کپور کی بیٹی اور اداکارہ سونم کپورکو  برطانوی شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔

وہ واحد بالی وڈ شخصیت ہوں گی جو شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گی۔  

دوسری جانب سونم کپور کو شاہی تقریب میں مدعو کیے جانے پر بہت زیادہ ٹرولنگ اور طنز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا اور عوام کا کہنا ہے کہ سونم نے بالی وڈ میں یا کوئی اور بڑا کام نہیں کیا، انہیں تو بھارت  میں بڑے ایونٹس میں شرکت کے لیے نہیں بلایا جاتا  پھر شاہ چارلس کی تاج پوشی میں انہیں کیسے مدعو کرلیا گیا؟  تاہم اس کا جواب تو شاہی خاندان ہی دے سکتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ سونم شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں  نہ صرف مہمان بنیں گی بلکہ شاہی تقریب میں ان کی ایک پرفارمنس بھی ہے۔

واضح رہے کہ شاہ چارلس کی تاج پوشی سے پہلے ہی لندن سیاحوں سے بھر گیا، تاج پوشی کی تقریب کی وجہ سے ویک اینڈ پر سینٹرل لندن کی متعدد سڑکیں بند ہوں گی ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح 6 بجے سے پارلیمنٹ اسکوائر،وائٹ ہال اور مال کا علاقہ عوام کیلئے کھول دیا جائے گا،شاہ چارلس صبح 11 بجے بکنگھم پیلس سے ویسٹ منسٹرایبی روانہ ہوں گے ، تاج پوشی کے بعد بکنگھم پیلس کی بالکونی پر کھڑے ہونے پر شاہ چارلس کو طیارے فلائی پاسٹ پیش کریں گے ۔ 

یہاں یہ بات واضح کرتے چلیں کہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شاہ چارلس سوم برطانیہ کے بادشاہ بنے ہیں۔

مزید خبریں :