بہت زیادہ وقت تک موبائل کالز کرنے کا یہ اثر دنگ کر دے گا

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کیا موبائل فون پر دوستوں سے طویل وقت تک باتیں کرنا پسند کرتے ہیں؟

اگر ہاں تو یہ عادت آپ کو ہائی بلڈ پریشر کا شکار بنا سکتی ہے۔

یہ دعویٰ چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

سدرن میڈیکل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے موبائل فون پر 30 منٹ یا اس سے زیادہ وقت تک بات کرنے کی عادت سے ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ 12 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر ایسا عارضہ ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے جبکہ دنیا بھر میں اس اموات کی بڑی وجہ بھی مانا جاتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے 37 سے 73 سال کی عمر کے 2 لاکھ سے زیادہ افراد کا ڈیٹا یو کے بائیو بینک سے حاصل کیا گیا۔

تحقیق کے آغاز پر ان افراد میں ہائی بلڈ پریشر کی تصدیق نہیں ہوئی تھی اور پھر ان سے معلوم کیا گیا کہ وہ کتنے سال سے موبائل فون استعمال کر رہے ہیں اور ہر ہفتے کتنی دیر تک کالز کرتے ہیں۔

نتائج سے موبائل فون کالز اور ہائی بلڈ پریشر کے درمیان تعلق سامنے آیا۔

درحقیقت ہائی بلڈ پریشر کا شکار بنانے والے دیگر عناصر جیسے عمر، جسمانی وزن، خاندان میں بلڈ پریشر کی تاریخ اور دیگر کو مدنظر رکھنے پر بھی یہ تعلق برقرار رہا۔

ان افراد کا جائزہ 12 سال تک لیا گیا تھا جس کے دوران لگ بھگ 14 ہزار میں ہائی بلڈ پریشر کی تشخیص ہوئی۔

محققین نے بتایا کہ موبائل فون کے صارفین میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ اس ڈیوائس سے دور رہنے والوں سے 7 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

البتہ جو افراد ہر ہفتے 30 منٹ یا اس سے زیادہ وقت موبائل فون پر باتیں کرتے ہوئے گزارتے ہیں، ان میں بیماری کا خطرہ 30 منٹ سے کم وقت تک کالز کرنے والوں کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

مردوں اور خواتین دونوں میں یہ خطرہ لگ بھگ ایک جیسا دریافت ہوا۔

نتائج کی زیادہ گہرائی میں جاکر جانچ پڑتال کرنے سے معلوم ہوا کہ ہر ہفتے 6 گھنٹے سے زائد وقت فون کالز کرنے پر ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ 25 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ 4 سے 6 گھنٹے میں یہ شرح 16 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ اگر کسی فرد میں ہائی بلڈ پریشر کا جینیاتی خطرہ زیادہ ہو ان میں موبائل کالز سے بیماری کا خطرہ 33 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج جسے عندیہ ملتا ہے کہ اگر ہفتہ وار بنیادوں پر موبائل کالز کا دورانیہ 30 منٹ سے کم ہو تو ہائی بلڈ پریشر سے متاثر ہونے کا خطرہ نہیں بڑھتا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے، البتہ جس حد تک ممکن ہو موبائل کالز کو کم کریں تاکہ دل کی صحت کو نقصان نہ پہنچے۔

اس تحقیق کے نتائج یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :