دنیا
Time 08 جون ، 2023

کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی: امریکیوں کو این 95 ماسک پہننے کی ہدایات جاری

گورنر نیویارک نے اعلان کیا ہےکہ شہریوں کو فضائی آلودگی اور دھوئیں سے بچانے کے لیے ایک ملین ماسک مفت تقسیم کیے جائیں گے/ فوٹو بی بی سی
گورنر نیویارک نے اعلان کیا ہےکہ شہریوں کو فضائی آلودگی اور دھوئیں سے بچانے کے لیے ایک ملین ماسک مفت تقسیم کیے جائیں گے/ فوٹو بی بی سی

کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کے باعث امریکی شہریوں کو ماسک کے استعمال کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی کے سبب شمالی امریکا کے شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی صورت میں این 95 ماسک استعمال کرنے ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی سے شمالی امریکا میں پھیلنے والے دھوئیں اور فضائی آلودگی سے لاکھوں شہریوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے سبب نیویارک میں آج سے ہی شہریوں میں ماسک مفت تقسیم کیے جائیں گے۔

کینیڈین حکام نے بھی اس حوالے سے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ گھروں سے باہر جائیں تو ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ آئندہ ہفتوں میں شمالی امریکا کے بیشتر علاقوں میں ائیرکوالٹی خطرناک حد تک خراب ہوسکتی ہے جب کہ کینیڈا کے صوبے کیوبیک سے زیادہ دھواں پھیلنے کا خدشہ ہے جہاں 150 کے قریب مقامات پر آتشزدگی کی اطلاعات ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس آتشزدگی کو کیوبیک کی حالیہ بدترین آتشزدگی قرار دیا جارہا ہے جس سے تقریباً 15 ہزار کے قریب رہائشیوں کی نقل مکانی کا امکان ہے۔

گورنر نیویارک نے اعلان کیا ہےکہ شہریوں کو فضائی آلودگی اور دھوئیں سے بچانے کے لیے ایک ملین ماسک مفت تقسیم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک عارضی صورتحال ہے، یہ کووڈ نہیں ہے، نیویارک کی بسوں اور ٹرینوں میں اعلیٰ کوالٹی کا ائیر فلٹریشن سسٹم ہے جو شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرے گا۔

دوسری جانب ماحولیات کے حکام نے آتشزدگی کے باعث ٹورنٹو کی صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :