ریاست کیخلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد ہیں: وزیراعظم

پر امید ہیں آئی ایم ایف سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدےکے تقاضے اور شرائط احسن انداز میں پوری کیں: وزیراعظم کا ترک خبر رساں ادارے کو انٹرویو/ فائل فوٹو
پر امید ہیں آئی ایم ایف سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدےکے تقاضے اور شرائط احسن انداز میں پوری کیں: وزیراعظم کا ترک خبر رساں ادارے کو انٹرویو/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ 9 مئی کو شرپسند جتھوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا اور  ریاست کے خلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان کے منصب سنبھالنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب ہوں گے، پاکستان ترکیے باہمی تجارتی حجم گہرے برادرانہ تعلقات کا آئینہ دار ہونا چاہیے، پاکستان ترکیےکےقربت پر مبنی تعلقات اعتماد کے رشتوں پر استوار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی کئی اہم چیلنجز درپیش رہے، گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہادر ہیں اور ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کرچکے ہیں، ہم کمر کس لیں گے اور اپنے پیروں پرکھڑے ہوں گے، مجھے اس میں کوئی شک نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پر امید ہیں آئی ایم ایف سے معاملات خوش اسلوبی سے طے پائیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدےکے تقاضے اور شرائط احسن انداز میں پوری کیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، عالمی مالیاتی فنڈکی تمام شرائط پوری کردیں اور ٹھوس پیشرفت کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسند جتھوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، ریاست کے خلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، شرپسند عناصر  اور قومی تشخص کو مجروح کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سنگین کرپشن کے الزامات ہیں، گزشتہ حکومت نے 4 سال میں پوری اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا، گزشتہ حکومت کے سیاسی انتقام کے باوجود کسی نے سرکاری اداروں پرحملہ نہیں کیا۔

مزید خبریں :