آصف زرداری اوربلاول کی آزاد کشمیر کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر ضیاءالقمر کو مبارکباد

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے  باغ آزادکشمیر کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر ضیاءالقمر کو مبارک باد دی ہے۔

گزشتہ روز آزادجموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ ٹو میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہی۔

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم تنویر الیاس کی نشست پر ضمنی الیکشن میں   پی ٹی آئی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تمام 189 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں جس میں پیپلز پارٹی کے ضیاء القمر 22 ہزار 35 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس ہیں جنہوں نے 16 ہزار 271 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

ضیاءالقمر کی جیت پر سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے انہیں مبارک باد دی ہے۔

 آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کی خدمت کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، ضلع باغ کے عوام نے بھی پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی سے کشمیر تک ایک زندہ حقیقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک میں وفاق کی علامت ہے، ہم نے پہلے بھی پاکستان کو بچایا ہے، اب بھی ملک کو سنواریں گے۔

دوسری جانب ضیاءالقمر نے کہا کہ کامیابی پیپلزپارٹی اور خاص طور پر بلاول بھٹو کی کشمیر پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ہندوستان میں بیٹھ کر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا،کشمیریوں نے بلاول بھٹو کو یہ سیٹ تحفے میں دی ہے۔

واضح رہے کہ یہ نشست سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی نا اہلی پر خالی ہوئی تھی۔

مزید خبریں :