وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کی کم سے کم پنشن بھی بڑھا دی

ای او بی آئی کی کم سے کم پنشن 8500 روپے ہے— فوٹو:فائل
ای او بی آئی کی کم سے کم پنشن 8500 روپے ہے— فوٹو:فائل

وفاقی کابینہ نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کی کم سے کم پنشن 8500 سے بڑھا دی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا بھی حتمی فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ کی تجویز پر بحث کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 35 فیصد تک ایڈہاک اضافے کی منظوری دیدی۔

ذرائع کے مطابق گریڈ ایک سے گریڈ 16 کے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہ میں 35فیصد ایڈہاک اضافے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ گریڈ 17سے اوپر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کم سے کم تنخواہ 30ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی تاہم وزیراعظم نے مزدور کی تنخواہ میں مزید 2 ہزار کا اضافہ کرتے ہوئے کم سے کم اجرت 32ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی جبکہ پنشنرز کی پنشن میں ساڑھے 17فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ بجٹ دستاویز میں ای او بی آئی پنشن 8500 سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی تجویز شامل ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ سرکاری ملازمین کی کم سے کم پنشن 10ہزار سے بڑھا کر 12ہزار کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :