14 اگست ، 2023
موجودہ عہد کی جدید ٹیکنالوجی ڈیوائسز کو استعمال کرنے کا موقع ہمیں نہیں ملتا اگر وائی فائی انٹرنیٹ دستیاب نہیں ہوتا۔
وائی فائی موبائل اور دیگر ڈیوائسز کو وائرلیس انٹرنیٹ لنک فراہم کرتا ہے اور ہمیں عالمی انٹرنیٹ سے منسلک کرتا ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ وائی فائی کس لفظ کا مخفف ہے یا اسے یہ نام کیسے ملا؟
کچھ افراد کے خیال میں وائی فائی درحقیقت وائرلیس فیڈیلیٹی ہے مگر یہ خیال غلط ہے۔
درحقیقت وائی فائی کا مطلب کچھ بھی نہیں ہے یا یوں کہہ لیں کہ یہ کسی لفظ کا مخفف نہیں بلکہ یہی اس کا پورا نام ہے۔
وائی فائی درحقیقت وائی فائی الائنس کا رجسٹر ٹریڈ مارک ہے اور اس کے آفیشل اسپیلنگ Wi-Fi ہے، یعنی wifi لکھنا بھی غلط ہے۔
کچھ سال قبل وائی فائی الائنس کے بانی رکن Phil Belanger نے اس نام کی تاریخ بیان کی تھی۔
ان کے مطابق وائرلیس انڈسٹری IEEE 802.11 نامی ٹیکنالوجی اسٹینڈرڈ کے لیے ایک یوزر فرینڈلی نام کی تلاش میں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ 'ہمیں کسی ایسے نام کی تلاش تھی جو IEEE 802.11 کے لیے زیادہ بہتر ہو، اس مقصد کے لیے وائی فائی الائنس نے ایک ادارے کی خدمات حاصل کی اور اس کی جانب سے وائی فائی سمیت 10 نام تجویز کیے گئے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'آپ وائرلیس فیڈیلیٹی کے بارے میں اس لیے سنتے ہیں کیونکہ ہمارے گروپ کے کچھ ساتھی خوفزدہ تھے، وہ مارکیٹنگ کو سمجھتے نہیں تھے اور وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے کہ ہم وائی فائی نام کا استعمال کسی وضاحت کے بغیر استعمال کریں'۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے وئی فائی کے ساتھ ایک ٹیگ لائن دی اسٹینڈرڈ فار وائرلیس فیڈیلیٹی استعمال کرنا شروع کی، جو ایک غلطی تھی جس سے لوگوں میں الجھن پیدا ہوئی۔
Phil Belanger نے کہا کہ وائرلیس فیڈیلیٹی کا بھی کوئی مطلب نہیں اور بس یہ وائی فائی نام کے حوالے سے لوگوں کو مطمئن کرنے کی ناقص کوشش تھی۔
یہی وجہ ہے کہ یہ ٹیگ لائن ایک سال بعد ہی وائی فائی کے نام سے ہٹا دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نام اور لوگو کے لیے ادارے کی خدمات حاصل کرکے اچھا فیصلہ کیا تھا مگر پھر اس کے ساتھ ٹیگ لائن استعمال کرکے حماقت کی۔
تو آپ اب سمجھ گئے ہوں گے کہ اگرچہ وائی فائی سن کر ہائی فائی (ہائی فیڈیلیٹی) کا خیال ذہن میں آتا ہے مگر اس وائرلیس انٹرنیٹ ورک کے نام کا مخفف کچھ بھی نہیں ہے۔