25 ستمبر ، 2023
نگران وزیراعظم کے بیان پر ردعمل میں دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر انتخابات کو غیر اخلاقی و غیر آئینی قرار دے دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ نگران وزیراعظم کا بیان ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی یا تحریک انصاف کے بغیر کرایا گیا الیکشن غیرآئینی، غیراخلاقی ہوگا، ایسے انتخابات کو عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں، بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کوشرانگیز منصوبوں سےالگ کریں۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا تھا کہ شفاف الیکشن چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان یا جیل کاٹنے والے پارٹی کے سینکڑوں ارکان کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ میں عمران خان سمیت کسی سیاست دان سے ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں، اگر کوئی قانون شکنی پر گرفت میں آیا ہے تو قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، انتخابات فوج یا نگران حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔