25 ستمبر ، 2023
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے 25 سے 28 ستمبر کے عدالتی ہفتے میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے پانچ بینچ تشکیل دے دیے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد دوسرے ہفتے میں عوامی نوعیت کے مقدمات کے ساتھ فیض آباد دھرنا کیس کی نظر ثانی درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی ریگولر بینچ فیض آباد دھرنا کیس کی نظرثانی درخواستوں پر 28 ستمبر کو سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہرمن اللہ بینچ کا حصہ ہوں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ بدھ کو سپریم کورٹ ملازمین کی مکمل تفصیل فراہم کرنے سے متعلق رجسٹرار آفس کے خلاف درخواست پر بھی سماعت کرے گا۔
جمعرات کو 2019 سے دائر فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے کے خلاف دائر وفاقی حکومت سمیت آٹھ نظر ثانی درخواستوں پر سماعت ہو گی۔