25 ستمبر ، 2023
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک میں موجودہ مہنگائی کو مصنوعی اور جعلی قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے۔
کوئٹہ میں گورنر ہاؤس کے قریب مہنگائی کے خلاف دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران، بھارت، افغانستان اور نیپال سمیت پاکستان کے اردگرد کے ممالک میں مہنگائی نہیں ہے، تو پھر پاکستان میں مہنگائی کیوں ہے؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت آج میدان میں اس لیے نکلی ہے کہ 25 کروڑ عوام کیلئے گھر میں چولہا جلانا مشکل ہوگیا ہے، آدمی کیسے گیس بجلی اورپانی کا بل ادا کرے، اشیائے خورد و نوش بہت مہنگی ہوگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پانچ روپے فی یونٹ بجلی بن سکتی ہے مگر حکمرانوں نے ایسے معاہدے کئے کہ بجلی کا ایک یونٹ 56 روپے میں ملتا ہے، ہمارا دشمن انڈیا اس وقت چاند پر پہنچ چکا ہے جبکہ پاکستان میں عوام چاول، چینی اور آٹے کیلئے ترس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج حکومت آئی ایم ایف کا قرضہ عوام کے خون کو نچوڑ کر ادا کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو لوٹنے والوں کے اثاثے فروخت کر کے ملکی قرضہ ادا کیا جائے۔