25 اکتوبر ، 2023
مختلف سوشل میڈیا پوسٹس اور واٹس ایپ گروپس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے ایک گاؤں میں بجلی چوری کی اطلاع ملنے پر واپڈا حکام نے گاؤں کی بجلی کی سپلائی منقطع کر کے تمام رہائشیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی ہے۔
یہ دعویٰ گمراہ کن ہےاور صرف جزوی طور پر درست ہے۔
9 اکتوبر کو ایک فیس بک صارف نے یہ لکھا کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے شیخوپورہ کے گاؤں ونڈالہ ناصر خان میں ایک”گرینڈ آپریشن“ شروع کیا گیا۔
پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیاکہ” واپڈا ٹیم نے ونڈالہ ناصر خان میں کامیاب آپریشن کے دوران اڑھائی سو سے زائد بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر بھاری جرمانوں کے علاوہ گاؤں میں نصب سات ٹرانسفارمر وغیرہ اتار کر اپنی تحویل میں لے لیے۔ “
اس پوسٹ میں مبینہ آپریشن کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل کی گئیں۔
اس ویڈیو کو فیس بک پر 20 سے زائد مرتبہ شیئر کیا جا چکا ہے۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ گروپس میں گردش کرنے والے میسج میں بھی یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ونڈالہ ناصر خان کے تمام رہائشیوں کے خلاف پولیس میں شکایات درج کر دی گئی ہیں اور ان کی بجلی کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر کیے گئے دعوؤں کے برعکس شیخوپورہ کے ایک نواحی گاؤں ونڈالہ ناصر خان کے 3،500 نہیں بلکہ 100 سے زائد رہائشیوں کے خلاف بجلی چوری کے مقدمات درج کیے گئے ۔
تاہم، یہ بات سچ ہے کہ 9 اکتوبر سے پورے گاؤں کی بجلی منقطع ہے۔
لیسکو کے مقامی اسسٹنٹ منیجر آپریشنز رانا انعام الحق نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ بجلی کے غیر قانونی کنکشنز استعمال کرنے پر 119 افراد کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔
جبکہ شیخوپورہ میں لیسکو کے ایک ایگزیکٹیو انجینئر کامران نوید نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ حکام نے پولیس سے گاؤں میں مزید 50 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کو کہا ہے۔
کامران نوید کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال گاؤں سے بجلی کے تمام ٹرانسفارمرز اتار لیے گئے ہیں اور جب تک علاقہ مکین زیر التواء بلوں کی مد میں ایک کروڑ روپے کی رقم ادا نہیں کر دیتے تب تک بجلی کی سپلائی بحال نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ”یہ نو گو ایریاز تھے، 8 سے 10 علاقے، [جن میں] ہمارے لائن مین نہیں جا سکتے تھے، [ گاؤں کے لوگ] بدتمیزی کرتے تھے، مارپیٹ کرتے تھے۔“
مذکورہ گاؤں کے نمبردار ملک زمان نے بھی جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ گاؤں کے 100 سے زائد افرادکے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ جیو فیکٹ چیک کو 11 اکتوبر کو درج کی گئی تین صفحات پر مشتمل پولیس ایف آئی آر کی کاپی بھی موصول ہوئی، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ گاؤں سے بجلی چوری کرنے کے الزام میں 119 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔
اضافی رپورٹنگ:فیاض حسین
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے
رابطہ کریں۔