05 نومبر ، 2023
پاکستانی اداکار یاسر حسین کا کہنا ہے کہ انھیں لوگ بدتمیز، مغرور اور غصے والا سمجھتے ہیں لیکن درحقیقت وہ ایسے نہیں ہیں۔
یاسر حسین حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ یاسر حسین کو سوشل میڈیا پر تبصروں میں بہت کچھ کہا جاتا ہے لیکن اصل میں وہ کیسے انسان ہیں؟
جس کے جواب میں یاسر حسین نے بتایا کہ ’میں ایک نارمل انسان ہوں لیکن آج کے دور میں نارمل اور سادہ ہونا بھی بہت ابنارمل سا ہے، ایسے لوگوں کیلئے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ مغرور ہیں، غصے والا ہے یا مغرور ہے‘۔
یاسر حسین نے کہا کہ میں غصے والا یا مغرور نہیں ہوں، میں بدتمیز بھی نہیں ہوں۔
اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے یاسر حسین نے میزبان سے سوال کیا کہ آپ نے کبھی نہیں سنا کہ میں نے کسی سے بدتمیزی کی جس پر میزبان نے بھی ان کی بات پر نفی میں جواب دیا۔
یاسر حسین نے مزید کہا کہ ’میں کہتاہوں کہ میرے دل میں جو ہو میں کیوں نہ بولوں؟ لوگ اگرچہ جو دل میں ہو نہیں بولتے، ڈپلومیسی سے کام لیتے ہیں لیکن مجھ سے ایسا رویہ نہیں اپنایا جاتا کیونکہ یہ میرا کام نہیں ہے‘۔