پیٹرول کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پنجاب پولیس کی ڈولفن فورس کا آپریشن اکتوبر میں صرف 2 روز کےلیے معطل کیا گیا
08 نومبر ، 2023
لاہور میں پولیس کے پاس پیٹرول ختم ہونے، واجبات کی عدم ادائیگی اورپنجاب پولیس کی ڈولفن فورس اور پولیس ریسپانس یونٹ کے آپریشنز معطل ہونے کے بارے میں دعوے فیس بک اور ایکس پر شیئرکئےگئے جن پر سیکڑوں صارفین نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
یہ دعوے گمراہ کن ہیں۔
27 اکتوبر کو فیس بک پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ”پی آئی اے کے بعد پولیس کو بھی فیول کی فراہمی بند کر دی گئی، لاہور پولیس کے ڈولفن اور پیرو اسکواڈ کو فیول کی فراہمی بند کرنے سے پولیس کا گشت ختم ہو کر رہ گیا۔“
اسی طرح کے دعوے میسجنگ پلیٹ فارم ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر بھی کیے گئے۔
3 حکام نے تصدیق کی کہ پیٹرول کی کمی نے پنجاب پولیس کو اپنی ایلیٹ یونٹس، ڈولفن فورس اور پولیس ریسپانس یونٹ (PRU) کے زیر استعمال گاڑیوں کو روکنے پر مجبور کیا، لیکن آپریشن صرف دو دن کے لیے معطل کیا گیا تھا اور اس کے بعد دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔
لاہور میں ڈولفن فورس کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس زوہیب نصر اللہ رانجھا نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ پیٹرول کا معاملہ ”پرانی خبر“ ہے ۔
ذوہیب نصراللہ نے بتایا کہ ”2 دن کا ہوا تھا، مگر ڈولفن اور PRU دونوں کا نہیں ہوا تھا، ڈولفن کا ایشو ہے کیونکہ اس میں ڈلتا ہے ہائی اوکٹین اور ہائی اوکٹین مہنگا ایندھن ہے۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ ”پاکستان میں پولیس کو فیول پیسوں کی صورت میں دیا جاتا ہے، پیٹرول کی فارم میں نہیں دیا جاتا، تو جب پیٹرول مہنگا ہوتا ہے تو پیسے تھوڑے ہو جاتے ہیں، جیسے ہی لیٹر تھوڑے ہوتے ہیں تو پیٹرول ایشو اسٹارٹ ہو جاتا ہے،یہ ایک مستقل مسئلہ ہے۔“
لاہور میں پنجاب پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل برائے فنانس اینڈ ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے بھی جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ ”دیکھیں پی او ایل یا بجٹ جو ہے وہ 4ماہ کا آیا تھا، نگران گورنمنٹ ہے تو وہ 4 ماہ کا بجٹ منظورکرتی ہے۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ” تو جو 4 ماہ کا بجٹ شروع میں جولائی میں ہم نے ریلیز کر دیا تھا، اس میں ختم پر آکر تھوڑا سا یہ مسئلہ ہوا تھا کہ بجٹ خرچ ہو گیا تھا ۔“
غازی صلاح الدین نے بتایا کہ” پھر ہم نے گورنمنٹ سے بات کی اور وزیر اعلیٰ صاحب نے خصوصی طور پر منظوری دی کہ اکتوبر میں 35 کروڑ روپے اضافی مل گئے تھے جو ہم نے دوبارہ ریلیز کردیے تھے۔ “
اس کے علاوہ ڈولفن فورس کے تعلقات عامہ کے افسر یاسین بٹ نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ پیٹرول کے واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاہور میں فورس کو صرف دو دن یعنی 23 اور 24 اکتوبر کوگشت سے روک دیا گیا تھا۔
اضافی رپورٹنگ:فیاض حسین
ہمیں@GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے
رابطہ کریں۔