19 نومبر ، 2023
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران عمران خان خطرہ نہیں ہے بلکہ مہنگائی سب سے بڑا خطرہ ہے۔
ملتان میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر مخدوم احمد محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری اور مہنگائی ہے، مہنگائی ختم کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کے پاس جامع منصوبہ موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئین کو مستحکم کرنے کیلئے پیپلزپارٹی نے بہت قربانیاں دی ہیں، پیپلزپارٹی سے عوام بے تحاشا محبت کرتے ہیں، بلاول بھٹو کی کارکردگی آپ سب کے سامنے ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران این اے 148 سے الیکشن لڑنے اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ ن کے ساتھ کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی ہے۔
بلاول ہاؤس ملتان میں پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مخدوم احمد محمود نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب میں بڑے سرپرائز دے گی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جنوبی پنجاب سے ہماری نشستیں 2 سے7 ہوگئی تھیں، اس مرتبہ جنوبی پنجاب سے پیپلز پارٹی کی نشستوں میں مزید اضافہ ہوگا۔