فلسطین کے معاملے پر سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی اصل کہانی کا پردہ فاش

فلسطین کے معاملے پر سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈے کی اصل کہانی کا پردہ فاش ہوگیا۔

 سوشل میڈیا پرایک جہاز کو اسلحہ پاکستان سے اسرائیل لے جانے کی جھوٹی اور من گھڑت کہانی بیان کی گئی، بتایا جارہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے حامیوں نے سوشل میڈیا پر فلسطین کے معاملے پر  پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے۔

 اس مہم میں پاکستان پر اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کا جھوٹا الزام لگایا گیا ہے، بحرین سے راولپنڈی جانے والی پرواز افغان مہاجرین کے برطانوی انخلا کا حصہ ہے نہ کہ اسلحے کی کھیپ کی اسرائیل منتقلی ہے۔

 سوشل میڈیا  پروپیگنڈے کو بھارتی میڈیا نے خبر بناکر پیش کیا

  دوسری جانب  سوشل میڈیا کے اس پروپیگنڈے کو بھارتی میڈیا نے خبر بناکر پیش کر دیا۔

 اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران  اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائر راشد ولی کا  کہنا تھا کہ اسرائیل  اور  بھارت کا تعلق بہت گہرا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ کارگل کی جنگ میں اسرائیل نے پاکستان کے خلاف حملوں میں بھارت کو تعاون فراہم کیا، بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں لوگ اسرائیل کے حق اور فلسطینیوں کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں، بھارت میں  فلسطینیوں کیخلاف  مظاہرے ایک حیران کن امر ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائر راشد ولی نے کہا کہ درحقیقت پاکستان نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی ہر سطح پر مذمت کی ہے، وزارت خارجہ بارہا فلسطین پر اپنا واضح مؤقف دے چکی ہے جو بہت واضح ہے، سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں بھی پاکستان نے مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور اور کھل کرحمایت کی۔

ہم فلسطین کیساتھ ہیں: نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی

ادھر  اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھی مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور اورکھل کر حمایت کی، فلسطینی انسان ہیں، ان سے انسانوں جیسا سلوک ہونا چاہیے۔

 نگران وزیر خارجہ جلیل عباس  جیلانی کا کہنا ہے کہ  ہم فلسطین کیساتھ ہیں، غزہ میں شہری آبادی پر اسرائیلی طاقت کے استعمال کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،  آرمی چیف بھی متعدد بار فلسطین کی حمایت اور سپورٹ میں کھل کرآواز اٹھا چکے ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اس واضح مؤقف کے باوجود سوشل میڈیا پر گُمراہ کن پروپیگنڈا جاری ہے، پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں جھوٹے پروپیگنڈا کا مقصد مذموم سیاسی مقاصد کا حصول اورپاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

مزید خبریں :