11 اپریل ، 2024
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے درمیان ملاقات میں صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے سندھ اوربلوچستان کے اشتراک پر اتفاق کرلیا گیا۔
سرفراز بگٹی نے نوڈیرو میں بلاول بھٹو زرداری اورفریال تالپور سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کابینہ کی تشکیل سمیت مختلف سیاسی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بلاول بھٹو اورفریال تالپورکو عید کی مبارکباد دی اور بلوچستان میں صحت، تعلیم کے شعبوں سمیت گڈگورننس سےمتعلق ترجیحات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے بلاول بھٹوکوبلوچستان میں بینظیربھٹو اسکالرشپ پروگرام کے اجرا سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے سندھ اوربلوچستان کی صوبائی حکومتوں کے اشتراک پر اتفاق کیا اور کہاکہ پیپلزپارٹی کے وژن کے مطابق غریب عوام کی بہبود کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ بلوچستان دل کے قریب ہے، بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے پہلے بھی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بلوچستان کی معاونت کرے گی اور بلوچستان میں عوامی فلاح کے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے۔