22 اپریل ، 2024
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی مشیر برائے سوشل ویلفیئر مشال یوسفزئی سمیت خیبرپختونخوا کے حکومتی وفد نے جیونیوز کی صحافی نادیہ صبوحی سے ملاقات کرکے معذرت کرلی۔
جیو نیوز کی سینیئر صحافی نادیہ صبوحی نے معذرت قبول کرلی، مشال یوسفزئی اور نادیہ صبوحی نے گلے مل کر تلخیاں بھلانے کا عزم کیا۔
نادیہ صبوحی نے معاملے کو خوش اسلوبی سے نمٹانے پر پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کی قیادت اور ملک بھر کی صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل جیو نیوز کی رپورٹر نادیہ صبوحی نے وزیراعلیٰ کی مشیر مشال یوسفزئی سے مہنگی گاڑیوں کی خریداری کی سمری سے متعلق تصدیق کے لیے رابطہ کیا تھا جس کی انہوں نے تصدیق کی۔
رپورٹر نے اپنی خبر میں مشال یوسفزئی کا مؤقف بھی دیا لیکن اس کے باوجود مشال یوسفزئی نے نادیہ صبوحی پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے اُن کا موبائل نمبر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردیا تھاجس کے بعد صحافی کو دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی تھیں۔