19 جولائی ، 2024
ملک میں 11 برس بعد نیشنل ڈرگ سروے ہو گا۔
نیشنل ڈرگ سروے کے تحت ملک بھر میں منشیات استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔سروے میں گھروں کے علاوہ تعلیمی اداروں ، کچی آبادیوں اور دیگر جگہوں سے بھی ڈیٹا لیا جائے گا۔
نئی نسل کو منشیات سے بچانے کے قومی مشن کی تکمیل کے لیے جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کمیٹی برائے نیشنل ڈرگ سروے کا اجلاس ہوا۔
وفاقی وزیر انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل ڈرگ سروے کو ہر صورت جامع اور مستند ہونا چاہیے، مستند اور جامع سروے سے ہی انسداد منشیات کے ضمن میں بھرپور اور مفصل فیصلہ سازی ممکن ہو گی، انسداد منشیات پر کوئی سمجھوتہ نہ ہوگا کیونکہ یہ قوم کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اے این ایف اور پاکستان بیورو آف سٹیٹکس مل کر سروے کے انعقاد کے لیے طریقہ کار، مطلوبہ ڈیٹا کی نوعیت، نمونہ کی شکل، اور ٹائم لائن کو وضع کریں،سروے کے انعقاد میں تعاون کیلئے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ آخری نیشنل ڈرگ سروے 2013 میں ہوا تھا۔