Time 28 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

ایک خاتون نے ساحل سمندر پر ایک بوتل میں بند 148 سال پرانا خط دریافت کرلیا

ایک خاتون نے ساحل سمندر پر ایک بوتل میں بند 148 سال پرانا خط دریافت کرلیا
یہ وہ بوتل ہے / اسکرین شاٹ

ساحل سمندر پر معمول کی چہل قدمی کے دوران ایک خاتون نے کچھ ایسا دریافت کیا جس نے اسے راتوں رات مشہور کر دیا۔

امریکی ریاست نیو جرسی سے تعلق رکھنے والی ایمی اسمتھ مرفی نامی خاتون نے ساحل پر ایک بوتل دریافت کی جس میں ایک خط موجود تھا جو ممکنہ طور پر کسی بوتل میں ملنے والا دنیا کا قدیم ترین خط ہوسکتا ہے۔

یہ خط اور بوتل ممکنہ طور پر 148 سال پرانے ہیں۔

اس دریافت کے بعد سے وہ اور ان کا خاندان اس معمے کو حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

وہ Inlet State Park کے ساحل پر چہل قدمی کر رہی تھیں جب انہیں کچھ غیرمعمولی نظر آیا۔

انہوں نے اس حوالے سے بتایا کہ ایک بوتل ساحل پر موجود تھی جو کافی نمایاں تھی۔

49 سالہ ایمی اسمتھ نے 3 جولائی کو صبح سویرے اس بوتل کو دریافت کیا تھا۔

یہ شیشے کی بوتل تھی جس پر کارک لگا ہوا تھا اور انہیں اس کے اندر کچھ نظر آیا۔

اس بوتل کو دریافت کرنے کے بعد خاتون پرجوش ہوگئیں اور انہوں نے فوری طور پر اپنے 14 سالہ بھانجے جیک اسمتھ اور 16 سالہ بھانجی ایوری کو اس بارے میں بتایا۔

ایک خاتون نے ساحل سمندر پر ایک بوتل میں بند 148 سال پرانا خط دریافت کرلیا
ایمی اسمتھ بوتل دکھاتے ہوئے / فوٹو بشکریہ Philadelphia Inquirer

جیک اسمتھ کے مطابق 'ہم نے ایک گروپ چیٹ بنائی اور سب اس راز کو جاننے کی کوشش کرنے لگے'۔

ایوری نے بتایا کہ 'خالہ نے خط کو بوتل سے باہر نکالا جس پر تحریر موجود تھی اور مجھے یقین ہی نہیں آیا'۔

جب ایمی اسمتھ نے بوتل کھولنے کا فیصلہ کیا تاکہ معلوم ہوسکے کہ یہ خط کہاں سے بھیجا گیا تھا تو انہوں نے اس پورے عمل کو فلمانے کا بھی فیصلہ کیا۔

ان کے بھانجے اور بھانجی نے ویڈیوز تیار کرنے میں مدد کی جن کو ٹک ٹاک پر شیئر کیا گیا۔

جب انہوں نے خط کو باہر نکال لیا تو پھر اس کے بارے میں تحقیق شروع کردی۔

اس تحقیق کے بعد ایمی اسمتھ کو یقین ہوگیا کہ یہ بوتل 1876 کی ہے اور اس کے اندر موجود ایک مختصر خط پر لکھی تحریر کا مطلب اب تک سمجھ نہیں آسکا۔

ایک خاتون نے ساحل سمندر پر ایک بوتل میں بند 148 سال پرانا خط دریافت کرلیا
بوتل کے اندر یہ خط نکلا تھا / فوٹو بشکریہ Philadelphia Inquirer

انہوں نے بوتل کے اندر ایک بزنس کارڈ بھی دریافت کیا۔

اب تک کی تحقیق کے بعد ایمی اسمتھ کا ماننا ہے کہ یہ سمندر میں بہنے والی بوتل کے اندر دریافت ہونے والا سب سے پرانا خط ہے اور انہوں نے اس حوالے سے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے بھی رابطہ کیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ابھی کسی بوتل میں ملنے والا سب سے پرانا خط 2018 میں دریافت ہوا تھا جو 12 جون 1886 کو تحریر کرکے سمندر میں بہایا گیا تھا۔

مزید خبریں :