Time 06 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

اولمپک میڈل کے ساتھ شادی کی پیشکش جیتنے والی خوش قسمت کھلاڑی

اولمپک میڈل کے ساتھ شادی کی پیشکش جیتنے والی خوش قسمت کھلاڑی
شادی کی پیشکش کا لمحہ / اسکرین شاٹ

ایک اولمپک گولڈ میڈل جیتنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے مگر اس سے بھی زیادہ بہتر کیا ہوسکتا ہے؟

گولڈ میڈل جیتنا اور اس کے فوری بعد شادی کی پیشکش ملنا یقیناً زیادہ بہتر محسوس ہوگا۔

ایسا ہی کچھ چین سے تعلق رکھنے والی بیڈمنٹن پلیئر ہوانگ یاچیونگ کے ساتھ ہوا۔

2 اگست کو ہوانگ یاچیونگ نے زینگ سوائی کے ساتھ پیرس اولمپکس میں بیڈمنٹن کے مسکڈ ڈبلز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا۔

جب وہ اپنا میڈل لے کر واپس جا رہی تھیں تو راستے میں ایک اور چینی کھلاڑی لیو یوچین نے انہیں خصوصی سرپرائز دیا۔

لیو یوچین نے ٹوکیو اولمپکس میں بیڈمنٹن کے مینز ڈبلز ایونٹ میں سلور میڈل جیتا تھا اور پیرس اولمپکس میں بھی وہ مینز ڈبلز ایونٹ میں شریک ہوئے۔

انہوں نے ہوانگ یاچیونگ کو راستے میں روک کر جیب سے انگوٹھی نکالی، ایک گھٹنے کے بل بیٹھے اور شادی کی پیشکش کی۔

ہوانگ یاچیونگ کے ہاتھ میں میڈل ملنے کی تقریب کے موقع پر ملنے والا گلدستہ موجود تھا۔

اولمپک میڈل کے ساتھ شادی کی پیشکش جیتنے والی خوش قسمت کھلاڑی
لیو یوچین اور ہوانگ یاچیونگ / اے پی فوٹو

انہوں نے لیو یوچین کی پیشکش پر فوری ہاں کہا اور اس موقع کو کیمرے کی آنکھ میں بھی محفوظ کیا گیا جبکہ وہاں موجود ہجوم نے نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب اولمپکس میں کسی ایتھلیٹ کی جانب سے ساتھی کھلاڑی کو شادی کی پیشکش کی گئی۔

پیرس اولمپکس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ارجنٹینا کی مینز ہینڈ بال ٹیم میں شامل پبلو سیمونیٹ نے اپنے ملک کی ہاکی کھلاڑی ماریہ کمپوئے کو شادی کی پیشکش اولمپکس کے آغاز سے قبل کی تھی۔

مزید خبریں :