07 اگست ، 2024
ڈیموکریٹک پارٹی سے نائب صدر کے امیدوار ٹم والز نےبطور امیدوار نامزدگی کے اعلان کے بعد ٹرمپ کو بار بار ’عجیب‘ کہنے کی وجہ بھی بتادی ہے۔
امریکی ڈیموکریٹس صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے منی سوٹا کے گورنر ٹم والز کو صدارتی انتخاب میں بطور امیدوار برائے نائب صدر چن لیا ہے، ہیرس نے فلاڈیلفیا ریلی میں ٹم والز کو نائب صدر بنانے کا باضابطہ اعلان کیا۔
ڈیموکریٹ کے نائب صدارتی امیدوار ٹم والز ٹیچر اور آرمی نیشنل گارڈ رہ چکے ہیں، ٹم والز 6 بار رکن کانگریس بھی رہ چکے ہیں۔
نائب صدارتی امیدوار ٹم والز ترقی پسند، ماحول دوست لیڈر اور سفید فام ورکنگ کلاس دیہی ووٹرز کے پسندیدہ سیاستدان ہیں۔
ٹم والز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عجیب الخلقت مخلوق کا نام دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میرا نقطہ نظر یہ تھا کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ خواتین کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے جا رہا ہے اور یہ سو فیصد سچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ممکنہ طور پر اُن آئینی آزادیوں کو ختم کرنے جا رہے ہیں جو ہمیں ووٹنگ میں حاصل ہیں۔
ٹم والز کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں ان تمام اقدامات کے ہونے کا حقیقی امکان ہے لیکن ٹرمپ کے متعلق یہ باتیں کرکے اسے بہت زیادہ طاقت ملتی ہے۔