09 اگست ، 2024
لاہور : وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا ہےکہ صحت بخش غذاؤں سے ہی ارشد ندیم جیسے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
لاہور میں فوڈ ایشیا ایکسپو میں فوڈ بزنس فیسلیٹیشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کا کہنا تھا کہ ایکسپو میں11ممالک سے فوڈ بزنس کمپنیوں کی شرکت مثبت امیج اجاگر کرے گی۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ صحت بخش غذاؤں سے ہی ارشد ندیم جیسےکھلاڑی بن سکتے ہیں، نئی نسل کو غذائی قلت سے بچانے کے لیے فوڈ انڈسٹری میں مثبت اصطلاحات لائی جارہی ہیں۔
وزیرخوراک پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مفت نیوٹریشن پلان مہم بھی جلد عوام کو میسر ہوگی، آٹے کو مزید سستا کرنے کی جلد نوید بھی سنائیں گے۔
خیال رہے کہ پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا ہے۔
پاکستان نے اولمپکس میں اب تک 11 میڈلز جیتے ہیں جن میں 4 گولڈ، تین سلور اور چار کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
پاکستان نے اولمپکس میں آخری مرتبہ کوئی بھی میڈل 1992 میں جیتا تھا جب بارسلونا میں ہونے والے ہاکی کے مقابلے پاکستان کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک پاکستان کے تمام گولڈ میڈلز فیلڈ ہاکی کے ذریعے آئے تھے اور یہ پہلی بار ہے کہ ارشد ندیم نے ملک کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔
ان سے قبل مجموعی طور پر پاکستان کے پاس صرف دو انفرادی تمغے تھے، ریسلنگ میں محمد بشیر نے 1960 میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ حسین شاہ نے 1988 کے سیئول اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔