14 اگست ، 2024
پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ کی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
آئمہ بیگ نے انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں بتایا ہے کہ انہیں منی ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔
گلوکارہ نے لکھا کہ مسلسل سفر، فلائٹس ،شوز کی وجہ سے نیند پوری نہیں ہوئی جس کے باعث منی ہارٹ اٹیک کا سامنا کرنا پڑا۔
آئمہ بیگ نے ساتھ ہی اپنی کئی تصاویر بھی پوسٹ کیں ، جس میں سے ایک میں انہیں اسپتال میں لیٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
گلوکارہ کے مداحوں کو جیسے ہی ان کی صحت کے بارے میں اطلاع ملی، انہوں نے ان کے لیے دعا کی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آئمہ بیگ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں لکھا تھا کہ ’بائے پاکستان، میں اپنے ملک کو بہت یاد کروں گی‘ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑ کر جانے سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔
آئمہ بیگ نے اپنی اسٹوریز میں لکھا تھا کہ اللہ عمرہ قبول کرے اور اپنے حفظ و امان میں رکھے، بائے پاکستان، میں اپنے ملک کو بہت یاد کروں گی۔
انہوں نے لکھا کہ وہ معمول کے طور پر ایک، دو ہفتوں اور چند مہینوں کیلئے نہیں بلکہ ایک لمبے عرصے کیلئے ملک سے باہر جارہی ہیں، ملک چھوڑنے پر خوش نہیں لیکن یقین ہے کہ اللہ سب کچھ ٹھیک کردے گا۔
آئمہ بیگ کی اسٹوریز کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصرے شروع ہوگئے تھے کہ آئمہ بیگ ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑ کر جا رہی ہیں۔
بعد ازاں آئمہ بیگ نے دبئی ائیرپورٹ پر بنائی گئی متعدد ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ نہ تو وہ ملک چھوڑ رہی ہیں اور نہ ہی موسیقی کو خیرباد کہ رہی ہیں۔
گلوکارہ نے واضح کیا کہ وہ کچھ عرصے کیلئے کام کے سلسلے میں ملک سے باہر جا رہی ہیں۔