Time 15 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

پہاڑوں میں غائب ہونے والا 89 سالہ شخص 10 دن بعد کرشماتی طور پر بچنے میں کامیاب

پہاڑوں میں غائب ہونے والا 89 سالہ شخص 10 دن بعد کرشماتی طور پر بچنے میں کامیاب
بنگ اولبم / فوٹو بشکریہ Custer County Sheriff's Office

امریکا میں 89 سالہ شخص پہاڑوں میں گم ہونے کے بعد کرشماتی طور پر زندہ بچنے میں کامیاب ہوگیا۔

بیشتر افراد 60 یا 70 سال کی عمر کے بعد مہم جوئی کرنا پسند نہیں کرتے مگر 89 سالہ بنگ اولبم کو ہائیکنگ پسند ہے اور وہ Idaho کے Salmon-Challis نیشنل فارسٹ میں گم ہوگئے تھے۔

وہاں انہوں نے ہنٹر کریک ٹریل پر ہائیکنگ کا آغاز کیا تھا اور 5 دن میں انہیں واپس آنا تھا۔

مگر اس سفر کے دوران وہ راستے سے بھٹک گئے۔

40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلے نیشنل فارسٹ کو امریکا کا دوسرا سب سے مشکل مقام تصور کیا جاتا ہے، جہاں بھٹکنے کے دوران مختلف چوٹیاں سر کرتے ہوئے بنگ اولبم 8 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر پہنچ گئے۔

ان کے خاندان کو توقع تھی کہ وہ چند دن بعد واپس آجائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا۔

ان کی بیٹی جینیفر نے بتایا کہ میرے والد 30 سال سے ہائیکنگ کر رہے ہیں مگر وہ ایسا اکیلے کرنا پسند کرتے ہیں اور انہوں نے ہمیں کہا تھا کہ وہ 5 دن میں واپس آجائیں گے۔

یکم اگست کو روانہ ہوتے ہوئے ان کے پاس کھانے پینے کا زیادہ سامان موجود نہیں تھا اور 5 دن بعد ان کی واپسی نہ ہونے پر خاندان کو اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ کسی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

6 اگست کو جینیفر نے اپنے والد کی گمشدگی کو رپورٹ کیا۔

مقامی حکام کے مطابق اس ویرانے میں اتنے دن تک تنہا بھٹکنے پر کسی کے بچنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

Custer County کے شیرف آفس کے مطابق زمین کے ساتھ ساتھ فضا میں ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے بنگ اولبم کی تلاش شروع کی گئی۔

تمام تر کوششوں کے باوجود ریسکیو ٹیم کئی دنوں تک بنگ اولبم کا سراغ لگنے میں ناکام رہی۔

ان حالات میں مقامی افراد نے بنگ اولبم کو تلاش کرنے کے لیے سرچ ٹیموں کو تشکیل دیا۔

مقامی افراد نے ہی بنگ اولبم کو تلاش کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

انہیں 11 اگست کی صبح کو دریافت کیا گیا اور حیران کن طور پر وہ بالکل ٹھیک تھے، بس معمولی ڈی ہائیڈریشن کا سامنا ہوا تھا جبکہ پیر سوج گئے تھے۔

حکام کے مطابق زندہ رہنے کے عزم نے بنگ اولبم کے بچنے میں کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :