Time 28 اگست ، 2024
انٹرٹینمنٹ

اگر آج کی طرح پہلے بھی سمجھدار ہوتی تو ہر گز شادی نہ کرتی: سکینہ سموں

اگر آج کی طرح پہلے بھی سمجھدار ہوتی تو ہر گز شادی نہ کرتی: سکینہ سموں
سکینہ سموں حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھایا/ فائل فوٹو

پاکستان کی سینئر اداکارہ سکینہ سموں  نے  شادی کے فیصلے پر پچھتاوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آج کی طرح پہلے بھی سمجھدار ہوتی تو ہر گز شادی نہ کرتی ۔

سکینہ سموں حال ہی میں نجی  ٹی وی کے مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں  جہاں انہوں نے  اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھایا۔

پہلی شادی میں ناکامی کے بعد بچوں کی اکیلے پرورش سے متعلق سکینہ سموں نے بتایا کہ میری  والدہ نے والد کے انتقال کے باوجود دوسری شادی کا کبھی نہیں سوچا، میں نے بھی اپنی والدہ سے ہی سیکھا اور میرا بھی یہی ماننا ہے کہ شادی انسان کی ایک ہی مرتبہ ہوتی ہے۔

اداکارہ نے کہا’  اگر آپ کے پاس اولاد ہے تو آ پ کو دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے، لوگ کہتے ہیں اسلام میں دوسری شادی جائز ہے لیکن کوئی بھی دوسری ماں یا دوسرا با پ آپ  کے بچوں کا خیال نہیں رکھ سکتا، اگر آ پ نے اپنے بچوں کا مستقبل خراب کرنا ہے تو دوسری شادی کیجیے‘۔

اپنی شادی کا تذکرہ کرتے ہوئے سکینہ سموں کا کہنا تھا کہ ’میری شادی لو میرج تھی جس پر والدہ بھی راضی تھیں، خواہش تھی کہ شادی کرکے سیٹ ہوجاؤں، آغاز میں سابق شوہر  نرم اور رحمدل لگے  لیکن بعد میں اندازہ ہوا اس شخص میں ایسا کچھ بھی نہیں جسے دیکھ کر شادی کا فیصلہ کیا تھا اور پھر اللہ راستے بنا ہی دیتا ہے‘۔

 زندگی میں کسی فیصلے کے پچھتاوے کے سوال  پر انہوں نے کہا کہ ’شادی کے فیصلے پر پچھتاوا ہے ، اگر آج کی طرح ماضی میں بھی میچیور ہوتی تو شادی نہیں کرتی‘۔

بعد ازاں اداکارہ نے اپنی گفتگو کو مذاق  کہہ دیا اور بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ زندگی ایک اسٹیج کی طرح ہے جس میں لوگ آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں اور ان کا کردار ہماری زندگی سے ختم ہوجاتا ہے، میں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے‘۔

مزید خبریں :