Time 02 ستمبر ، 2024
کھیل

پنڈی ٹیسٹ: 185 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش نے بغیرکسی نقصان کے 42 رنز بنالیے

پنڈی ٹیسٹ: 185 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش نے بغیرکسی نقصان کے 42 رنز  بنالیے
185 رنز کے تعاقب میں بنگالی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنالیے۔۔۔فوٹو: ای ایس پی این

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کے کھیل کے  اختتام تک بنگلادیش  نے   42  رنز  بنالیے ہیں  اور  اسے  پاکستان کو  پہلی بار  ٹیسٹ  میں وائٹ واش کرنے کے لیے مزید 143 رنز درکار  ہیں۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن موسم ابر آلود ہونے کے سبب میچ روک دیا گیا۔

راولپنڈی میں کل دوپہر تک بارش کا امکان ہے، اگر بارش نے میچ بچابھی لیا تو پہلا میچ جیتی ہوئی بنگلا دیشی ٹیم سیریز جیت جائےگی۔

اسٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے چائے کے وقفے کے بعد کے سیشن کا کھیل روک دیا گیا،185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز  نے کھیل کا شاندار  آغاز کیا اور  بغیر کسی نقصان کے 42 رنز  بنالیے۔

اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن کا آغاز پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 21 رنز کی برتری سے کیا تھا۔

پاکستان نے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 3، خرم شہزاد صفر، صائم ایوب 20، شان مسعود 28 ،بابر اعظم 11 ، سعود شکیل 2، محمد رضوان 43، محمد علی صفر، ابرار احمد دو اور میر حمزہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے پانچ ، ناہید رانا نے چار اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے دن کا کھیل:

کھیل کے تیسرے دن پاکستان کی دو وکٹیں چوتھے اوور میں گرگئی تھیں، عبد اللہ شفیق 3 اور  خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

کھیل کے تیسرے دن پہلے گھنٹے پاکستانی بولرز چھائے رہے اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا مگر پھر وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کے 138 اور مہدی حسن کے 78 رنز کی بدولت بنگلادیشی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا سکی اور 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی۔

ان دونوں بیٹرز نے ساتویں وکٹ پر 165 رنزکی شراکت لگائی، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 جب کہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب بنگلا دیشی بیٹر لٹن داس نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ بیٹنگ کو مدد نہیں کر رہی ہے، ابتدا میں صرف 26 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو کچھ دباؤ ضرور تھا مگر مہدی حسن میراز نے مثبت سوچ کے ساتھ بیٹنگ کی اور پاکستانی بولنگ لائن کا دباؤ کم کیا۔


راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھر گئی ، ، ٹیم صرف 172 رنز پر پویلین میں واپس ، بیٹرز وکٹ پر ٹہرنا بھول گئے، نہ بابر کا بلا چلا، نہ شان نے مزاحمت کی، سعود شکیل اور صائم ایوب نے بھی مایوس کیا، شان مسعود 28، صائم ایوب 20، بابر اعظم 11، عبداللہ شفیق 3، سعود شکیل 2 اور خرم شہزاد بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے،،، سلمان علی آغا 47 اور محمد رضوان 43رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرسکے، بنگلادیشی پیسر حسن محمود نے پانچ اور ناہید رانا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،مہمان ٹیم کو کامیابی کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا ہے، خراب روشنی اور بارش کے سبب جب کھیل ختم ہوا تو بنگلادیش نے دوسر ی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 42رنز بنالیے تھے، فتح اور دو صفر سے سیریز جیتنے کیلئے مزید 143 رنز کی ضرورت ہے ،،، 

مزید خبریں :