02 ستمبر ، 2024
کلکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کیس کے مرکزی ملزم سنجے رائے نے جیل میں سبزی روٹی کھانے سے انکار کرتے ہوئے ایگ چاؤمین کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جیل ذرائع کا بتانا ہے کہ جب سنجے رائے کو جیل میں روٹی اور سبزی دی گئی تو وہ کھانے سے ناراض ہوگیااور کہا کہ انہیں سبزی روٹی جیسا سادہ کھانا نہیں کھانا، اسے ایگ چاؤمین دیا جائے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیل قوانین کے تحت جیل میں تمام قیدیوں کیلئے ایک ہی کھانا تیار کیا جاتا ہے اور تمام قیدیوں کو وہی کھانا کھانا پڑتا ہے لہٰذاسنجے رائے کا انڈے چاؤمین کامطالبہ پورا نہیں کیا جاسکا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنجے رائے کے کھانے سے انکار پر جیل کے عملے نے اس کی سرزنش کی جس کے بعد سنجے جیل کا کھانا کھانے پر ہی راضی ہوگیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل سنجے نے جیل کے عملے سے درخواست کی تھی کہ اسے سونے کی اجازت دی جائے، سنجے کو سوتے وقت کئی مرتبہ بڑبڑاتا بھی پایا گیا لیکن کچھ دنوں کے بعد وہ نارمل ہوگیا۔
ٹرینی خاتون ڈاکٹر کا زیادتی کے بعد قتل
واضح رہے کہ 9 اگست کو کلکتہ کے آر جی کار اسپتال سے وابستہ ایک ٹرینی خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی تھی اور پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ڈی این اے اور فارنزک رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ ٹرینی لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور اسے قتل کرنے کی واردات میں صرف مرکزی ملزم سنجے رائے ہی ملوث پایا گیا ہے ۔