16 فروری ، 2013
لاہور…پیپلزپارٹی کو خیرباد کہہ کر نو ن لیگ میں شامل ہونیوالی پنجاب اسمبلی کی مستعفی رکن عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ نواز شریف بطور لیڈر پسند ہیں جبکہ شہباز شریف میں کچھ کرنے کی لگن اچھی لگتی ہے ،شہباز شریف پر بطور پارٹی ورکر تنقید پر کوئی افسوس نہیں۔ لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی ٰ بخاری نے کہا انہوں نے پارٹی نہیں چھوڑی ،پارٹی نے انہیں چھوڑا ہے ، وہ پارٹی اور اسمبلی دونوں میں اپوزیشن میں تھیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے محترمہ بے نظیر کا وژن بھلا دیا ہے، موجودہ حکومت نیصرف پانچ سال پورے کرنے تھے، انہیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ عوام کو کیا دیا ۔ عظمی ٰ بخاری کا کہناتھاکہ وہ کسی کی کرپشن کا دفاع نہیں کر سکتیں ، پنجاب حکومت باقی صوبوں سے بہتر ہے ۔