Time 27 ستمبر ، 2024
دنیا

زندگی گزارنے کے لیے ایشیا کے سب سے اچھے ملک کا اعزاز کس کے نام رہا؟

زندگی گزارنے کے لیے ایشیا کے سب سے اچھے ملک کا اعزاز کس کے نام رہا؟
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو

زندگی گزارنے کے لیے دنیا کا بہترین ملک کونسا ہے؟ اس سوال کا جواب ایک نئی رپورٹ میں دیا گیا ہے۔

یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی جانب سے معیار زندگی کے حوالے سے بہترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔

89 ممالک پر مشتمل اس فہرست میں تحفظ، آمدنی، سیاسی استحکام، تعلیمی نظام، طبی نظام، جاب مارکیٹ، مہنگائی اور دیگر پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر درجہ بندی کی گئی۔

اس مقصد کے لیے 22 مارچ سے 23 مئی 2024 تک دنیا بھر میں 17 ہزار افراد کو ایک سروے کا حصہ بنایا گیا۔

درجہ بندی کے مطابق معیار زندگی کے حوالے سے دنیا کا بہترین ملک ڈنمارک ہے جو 2023 میں چوتھے نمبر پر تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈنمارک وہ ملک ہے جہاں کے شہریوں کو اعلیٰ معیاری زندگی کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

اس ملک میں علاج کی سہولیات مفت دستیاب ہیں، بچوں کی نگہداشت سے متعلق سروسز میں سبسڈیز فراہم کی جاتی ہیں جبکہ یونیورسٹی کے طالبعلموں کو فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

اس سے قبل ڈنمارک کو بیرون ملک کام کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی دنیا کا بہترین ملک قرار دیا گیا تھا۔

جولائی 2024 میں InterNations کے سروے میں کہا گیا تھا کہ ڈنمارک میں کام کرنے والے 84 فیصد غیر ملکی زندگی اور روزگار کے درمیان توازن سے مطمئن ہیں۔

ڈنمارک کے بعد معیار زندگی کے حوالے سے دوسرا بہترین ملک سویڈن قرار دیا گیا جو گزشتہ سال پہلے نمبر پر تھا جبکہ تیسرا نمبر سوئٹزر لینڈ کے حصے میں آیا۔

ناروے، کینیڈا، فن لینڈ، جرمنی، آسٹریلیا، نیدرلینڈز اور نیوزی لینڈ بالترتیب چوتھے سے 10 ویں نمبر پر رہے۔

بہترین زندگی گزارنے کے لیے جاپان ایشیا کا بہترین ملک قرار دیا گیا جو مجموعی طور پر 14 ویں نمبر پر موجود ہے۔

ایشیا کا دوسرا بہترین ملک سنگاپور رہا جو اس فہرست میں 23 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی کوریا اور چین 25 اور 26 ویں نمبر پر رہے۔

متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ کا بہترین ملک قرار پایا جو اس فہرست میں 27 ویں نمبر پر رہا جبکہ قطر (28 ویں) اور سعودی عرب (31 ویں) بھی زیادہ پیچھے نہیں۔

مزید خبریں :