11 دسمبر ، 2024
شام کی گولان کی پہاڑیوں پر بفرزون سے باہر نکل کر اسرائیلی ٹینک دمشق سے 25 کلو میٹر کے فاصلے تک پہنچ گئے جبکہ قبضے میں توسیع کے اسرائیلی عزائم لیے اسرائیل نے جنوبی شام میں دفاعی زون بنانے کا بھی اعلان کردیا ہے۔
شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں پیدا ہونے والی صورتحال پر روس کی درخواست پر بلوائے گئے سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں شام کی علاقائی سالمیت، اتحاد اور شہریوں کے تحفظ سمیت امداد کی ترسیل پر زور دیا گیا تھا۔
اجلاس میں اقوام متحدہ نے غیرقانونی اسرائیلی قبضے اور شام کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم وقت کو شامی سرزمین پر قبضہ کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
ادھر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ایران، عراق اور قطر نے بھی گولان پھاڑیوں سے نکل کر شامی سرزمین پر اسرائیلی قبضے اور شامی علاقوں پر اسرائیل حملوں کی مذمت کی۔
ترک صدر اردوان نے کہا شام کو دوبارہ تنازعات کا علاقہ نہیں بننے دیں گے، سعودی عرب کا کہنا تھا کہ اسرائیل شام کی سالمیت کو نقصان پہنچارہا ہے۔
ایرانی فوجی سربراہ نے کہا اسرائیل کا خاتمہ بدستور ایرانی ترجیحات میں سرفہرست ہے، شام میں اب ایران کا کوئی فوجی موجود نہیں۔