Time 14 دسمبر ، 2024
دنیا

ویڈیو: شادی کی تقریب میں پالتو شیر نے مہمانوں پر حملہ کردیا

لیبیا میں ایک شادی کی تقریب میں موجود پالتو شیر نے مہمانوں پر حملہ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں شادی کی تقریب جاری تھی اس دوران وہاں ایک شخص اپنے پالتو شیر کو بھی لے آیا۔

تاہم زیادہ لوگوں کو دیکھ کر شیر ناراض ہوگیا یا پھر شاید اسے موسیقی پسند نہیں آئی اور وہ بے قابو ہوگیا اور خود کو گلے میں بندھی زنجیر سے چھڑانے کی کوشش کرنے لگا، شیر کے مالک نے اسے پرسکون کرنے کی ہرممکن کوشش کی اور ناکامی پر اسے مارا بھی تاہم شیر قابو میں نہ آیا اور شادی ہال میں بیٹھے لوگوں پر حملے کی کوشش کی۔

اس موقع پر ہال میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ خوفزدہ ہوکر اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ اسی دوران شیر زنجیر چھڑا کر  بھاگنے میں کامیاب ہوگیا اور اس نے قریب بیٹھے مہمانوں پر حملہ کر دیا اور پھر ہال سے باہر نکل گیا۔

واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سوشل میڈیا پر لیبیا کے شہریوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے شیر کے مالک کے خلاف کارروائی کی درخواست کی۔ بہت سے افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے جانوروں کو گھروں اور فارم ہاؤسز میں پالنے پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔

ویڈیو وائرل ہوئی تو حکام کی جانب سے جنگی جانوروں  کو گھروں یا فارم ہاؤسز میں پالنے یا رکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ حکومت نے اس فیصلےکی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے اور  ان کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :